
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے گھر بڑی تعداد میں پولیس افسران کی آمد پر اداکار کی ٹیم کا بیان سامنے آگیا۔
گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں پولیس کے 25 افسران نے گھر جاکر عامر خان سے ملاقات کی ہے جب کہ اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں پولیس افسران کو عامر خان کی رہائش گاہ میں جاتے دیکھا گیا۔
ویڈیو نے وائرل ہوتے ہی انٹرنیٹ پر طوفان برپا کردیا تھا جس کے بعد سے مداح تشویش میں مبتلا تھے۔
تاہم اب اس حوالے سے سامنے آنے والی چہ مگوئیوں اور افواہوں کو رد کرتے ہوئے اداکار کی ٹیم نے واضح کیا ہے کہ ’عامر خان کے گھر پہنچنے والے پولیس افسران موجودہ بیچ کے آئی پی ایس ٹرینی افسران ہیں جنہوں نے اداکار سے ملاقات کی درخواست کی تھی جس کے بعد عامر خان نے انہیں اپنے گھر پر خوش آمدید کہا ‘ ۔
عامر خان کی ٹیم کے مطابق ’ یہ پہلا موقع نہیں کہ اداکار نے سول سروس کے نئے آنیوالے افسروں سے ملاقات کی ہو، وہ اپنے بالی وڈ کیرئیر میں متعدد سول افسران سے ملاقات کرچکے ہیں‘۔
Leave a Reply