
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل سائرہ یوسف نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں سابق شوہر شہروز سبزواری کے ساتھ بیٹی نوریح کی پرورش پر اپنی انا کو قربان کرنا پڑا۔
ہر پل جیو کے ’ مدر ہوڈ پوڈکاسٹ ‘ میں صنم جنگ کے ساتھ کی گئی گفتگو میں سائرہ یوسف نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی ۔
سائرہ یوسف نے شہروز سبزواری کے ہمراہ بیٹی کی پرورش سے متعلق سوال پر کہا کہ’علیحدگی کے باوجود مشترکہ طور پر پرورش کرنیوالے والدین کیلئے جسمانی اور ذہنی طو پر مضبوط ہونا ضروری ہے، سابق شوہر کے ساتھ بیٹی نوریح کی پرورش نے جو اہم چیز مجھے سکھائی وہ یہ تھی کہ مجھے اپنی انا کو کیسے قربان کرنا ہے‘ ۔
دوسری جانب اداکارہ نے شہروز سبزواری اور صدف کنول کی بیٹی علیزے کے ساتھ وائرل ویلنٹائن تصویر پر بھی لب کشائی کی۔
گزشتہ برس ویلنٹائن کے موقع پر اداکارہ سائرہ یوسف نے اپنی بیٹی نوریح اور شہروز صدف کی بیٹی علیزے کے ساتھ خوبصورت تصویر شیئر کی تھی۔
اس تصویر میں سائرہ کو نوریح اور علیزے کے ساتھ اپنی بھتیجی کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا تھا۔
اس تصویر کے کیپشن میں درج تھا کہ ’My favourite gals، My Galentin‘ جو کہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔
وائرل تصویر میں شہروز کی بیٹی کے ساتھ سائرہ کے خوشگوار تعلق کو مداحوں کی جانب سے خاصا سراہا گیا تھا۔
دوران پوڈکاسٹ اس تصویر سے متعلق بات کرتے ہوئے سائرہ نے کہا کہ ‘ کیوں کہ علیزے نوریح کی بہن ہے اور جب بات نوریح کی ہو تو میں اپنی ذات سے متعلق نہیں سوچتی‘۔
واضح رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی اکتوبر 2012 میں شادی ہوئی تھی لیکن فروری 2020 میں دونوں کی طلاق ہوگئی تھی، سائرہ اور شہروز کی ایک بیٹی نوریح ہے۔
بعد ازاں مئی 2020 میں شہروز نے ماڈل صدف کنول سے شادی کا اعلان کیا تھا، جوڑے کے ہاں اگست میں بیٹی ‘زہرا’ کی پیدائش ہوئی ہے۔
Leave a Reply