
پیونگ یانگ: شمالی کوریا میں بدھ کے روز ایک نیا جنگی بحری جہاز پانی میں اتارنے کے دوران پیش آنے والے حادثے کے بعد شپ یارڈ کے تین اعلیٰ افسران کو گرفتار کر لیا گیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اس حادثے کو شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ اُن نے ’مجرمانہ غفلت‘ قرار دیا تھا۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق ڈسٹرائر جہاز کی لانچنگ تقریب کے دوران جہاز ایک جگہ سے دب گیا جس کے باعث جہاز کا توازن بگڑا اور وہ ایک طرف جھک گیا۔
حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق چونگجن شہر کے شپ یارڈ میں اس جنگی جہاز کی تعمیر میں شامل چیف انجینئر، جہاز کی تیاری کے منصوبے کے سربراہ اور ایک انتظامی افسر کو حراست میں لے لیا گیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تینوں افسران حادثے کے ذمہ دار ہیں۔
شپ یارڈ کی سیٹلائٹ تصاویر میں جہاز کو پانی میں ایک طرف جھکا ہوا دیکھا جاسکتا ہے جس پر نیلا ترپال ڈلا ہوا جبکہ جہاز کا کچھ حصہ زمین پر بھی موجود ہے۔
کم جونگ اُن نے جمعرات کو حادثے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے غیر ذمہ داری اور غفلت کا نتیجہ قرار دیا تھا۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل شمالی کوریا نے اسی قسم کے جنگی جہاز ’چوے ہیون‘ کی رونمائی کی تھی جسے کم جونگ اُن نے بحریہ کی جدت میں اہم پیش رفت قرار دیا تھا۔
Leave a Reply