شمالی وزیرستان بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کے حملے میں 4 جوان شہید


شمالی وزیرستان بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کے حملے میں 4 جوان شہید

 بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تمام 4 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، خوارج کے حملے میں بچوں اورخواتین سمیت 15 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے: آئی ایس پی آر— فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملے میں 4 خواج ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 4 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان بویا میں فتنہ الخوارج نے 19دسمبرکو سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا اور کیمپ کی حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو بروقت ناکام بنادیا۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کو بیرونی حفاظتی دیوار سے ٹکرادیا، بارود سے بھری گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں دیوار گرگئی جس سے قریبی شہری انفرااسٹرکچر اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا جبکہ خوارج کی سفاکانہ کارروائی میں شہریوں کے گھروں کو نقصان پہنچا۔

خوارج کے حملے میں بچوں اورخواتین سمیت 15 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے نہایت بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تمام 4 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ  خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 4 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں حوالدارمحمد وقاص، نائیک خان ویز، سپاہی سفیان حیدر اور سپاہی رفعت شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کی کارروائیاں افغانستان میں موجودخوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، دہشتگردوں کی یہ کارروائی افغان طالبان رجیم کے دعوے کی نفی ہے،  افغان طالبان رجیم دہشتگرد گروہوں کی عدم موجودگی کا دعویٰ کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان طالبان رجیم سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، افغان طالبان رجیم خوارج کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے، پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ سب سے مقدم ہے، پاکستان خوارج اوران کے سہولت کاروں کا تعاقب اورخاتمے کا حق رکھتا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *