
شدید بارش اور سیلاب کے بعد بھارتی ریاست پنجاب کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب میں طوفانی بارشوں اور پہلے سے ہی طغیانی کا شکار دریاؤں میں ڈیموں سے مزید پانی چھوڑنےکے باعث شدید تباہی سے37 افراد ہلاک اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 1600 سے زائد دیہات زیر آب آئے ہیں۔
گزشتہ 40 برسوں کے بدترین سیلاب سے وسیع رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ریاستی حکومت نے تمام 23 اضلاع کو سیلاب زدہ قرار دے دیا ہے۔ طوفانی بارشوں اور ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے باعث بیاس، ستلج، راوی اور ان کی معاون ندیوں میں طغیانی ہے جس نے ان دریاؤں کے کنارے واقع علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے۔
سیلاب سے بھارتی پنجاب کے کسانوں کو زبردست مالی نقصان کا بھی سامنا ہے، خاص طور پر دھان کی فصل شدید متاثر ہوئی ہے۔ ریاست بھر میں 4.31 لاکھ ایکڑ زرعی زمین زیرِ آب آ چکی ہے۔
ریاستی حکومت کے چیف سیکرٹری کا کہنا ہے کہ صورتحال ابھی بھی بگڑ رہی ہے اور آنے والے دنوں میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے پورے شمالی ہندوستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
Leave a Reply