سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات کو روشن قرار دیا ہے۔
ایشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان اسکواڈ کے تجزیے کے دوران ٹیم کے امکانات پر بات کی۔
سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے کہا کہ شاید کچھ لوگوں کو یہ بات پسند نہ آئے، لیکن میں صرف کرکٹ کی بات کر رہا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات واقعی بہت اچھے ہیں۔
ایشون کے مطابق پاکستان کے اوپنرز اور بولرز ٹیم کی بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ان کی اوپننگ جوڑی ہے۔ بابر اعظم اوپن نہیں کریں گے بلکہ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب اوپن کریں گے۔ صائم ایوب پاور پلے میں بیٹنگ کے دوران متاثر کن رہے ہیں۔
ایشون نے کہا کہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی کا پاور پلے میں اکانومی ریٹ 6.5 ہے۔ ابرار احمد اور نواز بھی اچھے بولرز ہیں ، نواز کنٹرول کے ساتھ اور ابرار اپنی انفرادیت کی وجہ سے خطرناک ہیں۔
39 سالہ ایشون نے پاکستان ٹیم کی کمزوریوں کا بھی ذکر کیا، جن میں بعض اہم کھلاڑیوں کی غیر مستقل کارکردگی اور ٹیم کمبی نیشن کے فیصلے شامل ہیں، تاہم انہوں نے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی صلاحیت کو بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا پاکستان کی کمزوری بابر اعظم کا مڈل آرڈر میں آنا ہے، جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی ڈیتھ اوورز میں بولنگ زیادہ مؤثر نہیں رہی۔ شاداب خان کی بیٹنگ اور بولنگ فارم میں بھی کمی آئی ہے۔
آخر میں ایشون نے کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان کی ٹیم مضبوط ہے ، البتہ کمزوریاں بھی ہیں لیکن ان کے پاس سلمان علی آغا جیسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جن کا اکثر ذکر نہیں کیا جاتا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ہفتے کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔


























Leave a Reply