شاہ رخ خان پرنسپل کے ساتھ کس ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے تعلیم مکمل نہ کرسکے؟


شاہ رخ خان پرنسپل کے ساتھ کس ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے تعلیم مکمل نہ کرسکے؟

ماضی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی تعلیم ایک لڑائی کے نتیجے میں ختم ہوئی تھی/فوٹوفائل

شاہ رخ خان کو  بالی وڈ  کنگ کے طور پر  تو سب ہی  جانتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ فلم انڈسٹری   پر اپنی دھاک بٹھانے سے قبل شاہ رخ تعلیمی لحاظ سے بھی خاصے مضبوط تھے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی  کا داخلہ امتحان پاس کرنے کے بعد شاہ رخ دہلی کی یونیورسٹی  ملیہ اسلامیہ اے جے کے ماس کمیونیکیشن کے ماسٹرز پروگرام کیلئے داخلہ لے چکے تھے لیکن اس ڈگری کو شاہ رخ کبھی حاصل نہیں کرسکے جس کا افسوس زندگی میں بے تحاشا کامیابیوں کے باوجود بھی ان کے دل میں آج بھی زندہ ہے ۔

شاہ رخ نے تعلیم ادھوری کیوں چھوڑی؟

ماضی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی تعلیم ایک لڑائی کے نتیجے میں ختم ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان فلم  ’فوجی‘ کی شوٹنگ کے دوران یونیورسٹی میں اپنی حاضری برقرار رکھنے کے لیے بھی جدوجہد کررہے تھے لیکن امتحان سے چند دن قبل ان کا اپنے پرنسپل سے آمنا سامنا ہوگیا۔

دوران انٹرویو سپر اسٹار نے بتایا تھا کہ ’ میں امتحان سے قبل تیاری  کیلئے لائبریری میں بیٹھا پڑھ رہا تھا جس دوران میرے پرنسپل لائبریری میں آگئے اور مجھے دیکھ کر کہا ‘اگر میرے بس میں ہوتا تو میں تمہیں اس امتحان میں بیٹھنے نہ دیتا۔’

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ’اس وقت میں بھی اپنی جوانی کے نشےمیں تھا ، پلٹ کر پرنسپل کو جواب دیا کہ اگر ایسا ہے تومیں بھی امتحان نہیں دینا چاہتا اور باہر نکل گیا‘ ۔

دوران گفتگو شاہ رخ نے اپنے رویے کو  بچپن کی حماقت، بد تمیزی اور گھٹیا پن  قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہی وہ بیوقوفی تھی جس کی وجہ سے میں پریکٹیکل مکمل کرنے کے باوجود اپنے فائنل امتحانات نہیں دے پایا‘۔

 بالی وڈ کنگ کے مطابق ’یہی میری زندگی کا اہم موڑ  تھا، اس وقت  میں اپنا سلیبس  مکمل کرچکا تھا اور اپنے تمام پریکٹیکلز بھی  پاس کر لیے تھے جس کے بعد مجھے صرف  اپنا تحریری امتحان دینا تھا لیکن میں نہیں دے پایا‘۔

 دوران گفتگو شاہ رخ سے سوال کیا گیا کہ کیا ان  کے پاس کالج کی کوئی  باقاعدہ ڈگری نہیں ہے؟ جواب میں اداکار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ ’کاش میرے پاس ڈگری ہوتی، میں واقعی اس کی کمی محسوس کرتا ہوں‘۔

شاہ رخ نے مزید کہا کہ’  میں سب سے کہوں گا کہ برائے مہربانی اپنی تعلیم  کبھی نہ  چھوڑیں، کیونکہ اگر میں نے تعلیم مکمل کی ہوتی تو یقین کریں، میں اس سے بھی  بڑا سپر اسٹار ہوتا ‘۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *