آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور باپ بیٹا نکلے۔ پولیس نے ملزمان کی تفصیلات جاری کردیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے واقعے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ ساحل پر یہودیوں کی تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی حالت میں ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کمشنر نے بتایاکہ ہلاک حملہ آور کی شناخت 50 سال کے ساجد اکرم کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی حملہ آور کی شناخت 24 سال کے نوید اکرام کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے پاس 10 سال سے اسلحے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا۔
ہلاک حملہ آور کے قبضے سے 6 ہتھیار بھی برآمد کرلیے گئے تاہم ان تمام ہتھیاروں کا بیچ فائرنگ واقعے میں استعمال ہونے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کاکہنا تھاکہ جائے وقوع کے قریب سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد ملے جنہیں محفوظ کر لیاگیا ہے۔
پولیس نے مزید ملزمان کی تلاش ختم کرنےکا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کے حملےکے پیچھے محرکات تلاش کر رہے ہیں۔
پولیس کمشنر کے مطابق فائرنگ میں ملوث باپ بیٹا کافی عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم تھے تاہم دونوں افراد کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیلات فی الحال فراہم نہیں کی جاسکتیں۔
دوسری جانب آسٹریلوی حکومت نے آج یوم سوگ کا اعلان کردیا، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
یاد رہےکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔






















Leave a Reply