خرطوم: سوڈان میں باغی فوج ریپڈ سپورٹ فورس نے الفشر شہر میں حملہ کرتے ہوئے پورے شہر پر قبضہ کرلیا اور اس دوران 2 ہزار افراد کو قتل بھی کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق باغی فوج ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) نے 26 اکتوبر کو سوڈانی فوج کا گڑھ سمجھے جانے والے شہر الفشر پر حملہ کرتے ہوئے قبضہ کیا۔
سوڈانی حکومت کے مطابق شہر میں اب تک کم از کم 2 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ امدادی تنظیموں نے عام شہریوں کے قتل، فرار کے دوران حملوں، گھروں پر چھاپوں اور اجتماعی پھانسیوں کی مصدقہ اطلاعات دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
الفشر پر قبضے کے بعد آر ایس ایف نے دارفور کے وسیع علاقے پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
جس کے بعد یہ خدشہ بڑھ گیا ہے کہ سوڈان ایک بار پھر تقسیم کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے، جیسے ایک دہائی قبل جنوبی سوڈان کے الگ ہونے پر ہوا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب، مصر، قطر، ترکیہ اور اردن نے سوڈان کے شہر الفشر پر قبضے کے دوران پیرا ملٹری فورس ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے کیے گئے سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور قتلِ عام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
واضح رہے سوڈان میں اپریل 2023 سے سوڈانی فوج اور منحرف فوجی فورس آر ایس ایف کے درمیان لڑائی جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں۔
























Leave a Reply