سرکاری خرچ پر لندن کے نجی دورے کا الزام، سابق سری لنکن صدر کو گرفتار کرلیا گیا


سرکاری خرچ پر لندن کے نجی دورے کا الزام، سابق سری لنکن صدر کو گرفتار کرلیا گیا

وکرما سنگھے پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری خرچ پر لندن کا دورہ کیا

کولمبو: سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار  کرلیا گیا۔ 

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ رانیل وکرما سنگھے کے خلاف مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق 76 سالہ وکرما سنگھے پر الزام ہے کہ انہوں نے 2023 میں اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا دورہ کیا اور اس مقصد کے لیے ریاستی وسائل استعمال کیے، یہ دورہ اس وقت کیا گیا جب وہ کیوبا میں منعقدہ جی77 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آرہے تھے۔

ان کے دفتر نے اس الزام کی تردید کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کے تمام اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے اور کسی قسم کے سرکاری فنڈز استعمال نہیں کیے گئے۔ تاہم کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ  نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وکرما سنگھے نے اس نجی دورے کے لیے حکومتی رقم استعمال کی اور ان کے باڈی گارڈز کے اخراجات بھی ریاست نے ادا کیے۔

پولیس کے مطابق اس حوالے سے وکرما سنگھے کے تین قریبی سابقہ مشیروں سے بھی تفتیش کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق وکرما سنگھے اور ان کی اہلیہ نے برطانیہ کی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ ملک گیر مظاہروں کے بعد گوتابایا راجاپاکسا کے مستعفی ہونے کے بعد رانیل ورکما سنگھے جولائی 2022 میں سری لنکا کے صدر بنے تھے۔ انہوں نے 2023 کے اوائل میں آئی ایم ایف سے 2.9 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج حاصل کیا اور ملک کی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کو کسی حد تک سنبھالا۔ تاہم وہ 2024 کے انتخابات میں اقتدار کھو بیٹھے۔

موجودہ صدر انورا کمارا دسانایکے نے گزشتہ برس اقتدار سنبھالتے ہی انسداد بدعنوانی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت یہ کارروائی عمل میں آئی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *