پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں۔ پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا میرے لیے خواب کی تعبیر تھا، میں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا میرے لیے باعثِ فخر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہوں گا۔
سابق کرکٹر کے کیرئیر پر ایک نظر:
سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی، ان ہی کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی تھی۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے،حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا۔


























Leave a Reply