
بھارت سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ گلوگار و اداکاردلجیت دوسانجھ نے پاکستانی سپر اسٹار ہانیہ عامر کے ساتھ اپنی پنجابی فلم ‘سردار جی 3’ کی ریلیز پر بات کی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث سرحد پار فنکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے پر مکمل پابندی ہے۔
ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی پنجابی فلم ‘سردار جی 3’ کی ریلیز کوبھی بھارت میں مشکلات کا سامنا ہے، ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف حکومت سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
تاہم حالات کشیدہ ہونے کے باوجود فلم بنانے والوں نے فلم کا ٹیزر اور پہلا گانا ‘سونی لگ دی’ ریلیز کردیا ہے جسے ہانیہ عامر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔
اس حوالے سے دلجیت دوسانجھ نے ایک انٹرویو میں فلم کی ریلیزکے حوالے سے گفتگو کی اور بتایا کہ جب فلم بنی تو اس وقت پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ نہیں تھے، اس فلم کی شوٹنگ فروری میں ہوئی اور اس وقت حالات ٹھیک تھے۔
انہوں نے کہا کہ حالات خراب ہونے کے بعد یہ فلم اب بھارت میں تو ریلیز نہیں ہوگی، اس لیے فلم بنانے والوں نے فیصلہ کیا ہےکہ اسے اوورسیز ریلیز کیا جائے گا، اس فلم پر پروڈیوسرز کا بہت پیسہ لگا ہوا ہے جب فلم بن رہی تھی تو اس وقت ایسا کچھ نہیں تھا۔
دلجیت کا کہنا تھا کہ پروڈیوسر کے دماغ میں ہے اور انہیں پہلے ہی پتا ہے کہ فلم کے بھارت میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے نقصان ہوگا، جب میں نے فلم سائن کی تھی تو سب کچھ ٹھیک تھا اور اب حالات ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، فلم اوورسیز ریلیز کرنا چاہتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ہوں۔
واضح رہے کہ سردار جی 3 ایک کامیڈی، فینٹسی اور ہارر سے بھرپور فلم ہے، اس میں دلجیت دوسانجھ کو ایک ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھوتوں کا پیچھا کرتا ہے۔
سردار جی 3 کو دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کیا جا رہا ہے تاہم بھارت میں اس فلم کی ریلیز نہیں ہوگی۔
Leave a Reply