ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی اور بنگلادیش کے ہاتھوں سیریز میں 1-2 کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سلیکشن کمیٹی پر برس پڑے۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی میں شامل افراد نے اتنی کرکٹ کھیلی ہوئی ہے لیکن انہیں یہ نہیں معلوم کہ کس کھلاڑ ی کو کس فارمیٹ کا کپتان ہونا چاہیے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کی پرفارمنس پر ون ڈے فارمیٹ کے سینئرز کرکٹرز کو ڈراپ کردیا گیا۔
شاہد آفرید ی نے کہا کہ سرجری کے نام پر نوجوان کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کیا جارہا ہے، پاکستان ٹیم کی کیپ دیے جارہے ہیں، سرجری ٹیم کی نہیں سلیکشن کمیٹی کی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو منتخب کر رہے ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے چند ہی میچ کھیلے ہیں، ہماری ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار بھی ایسا نہیں کہ وہاں سے مسلسل ایسے کھلاڑی نکل سکیں جو فوراً پاکستان ٹیم میں جگہ بنا سکیں۔
خیال رہےکہ شاہد آفریدی کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب پاکستان کو حال ہی میں بنگلا دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


























Leave a Reply