سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی تاہم اب تک صرف 17 افراد کی لاشوں کی شناخت ہوسکی ہے جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
آتش زدہ گل پلازہ کے باہر کئی روز سے کھڑے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ریسکیو اور تحقیقاتی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کو 6 روز ہوگئے مگر تاحال لاپتہ افراد کو تلاش نہیں جاسکا۔
مخدوش عمارت گرنے کے خدشے کے باعث مشینری سے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا۔
عمارت گرنے والے حصوں میں لاپتہ افراد کی تلاش چیلنج بن گئی تاہم ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ملبے تلے لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کی کوشش جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گل پلازہ میں آگ ہفتے کی شب لگی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازہ کو راکھ میں تبدیل کردیا۔
سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی مدد سے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی، گل پلازہ میں آگ مصنوعی پھولوں کی دکان میں بچوں کے کھیلنے کے دوران لگی۔
ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، ابتدائی طور پر آگ دکان میں موجود سامان میں لگی جس کے بعد یہ بجلی کی تاروں میں پھیل گئی۔


























Leave a Reply