ساتھی اداکار کے نامناسب انداز میں چھونے پر بھارتی اداکارہ کا فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان


ساتھی اداکار کے نامناسب انداز میں چھونے پر بھارتی اداکارہ کا فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان

وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سنہری ساڑھی پہنے انجلی راگھو شو کے شرکا سے بات چیت کر رہی ہیں کہ اس دوران پون سنگھ ان کی اجازت کے بغیر ان کی کمر پر ہاتھ رکھتے ہیں—فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کی بھوجپوری فلم انڈسٹری کی اداکارہ نے ساتھی اداکار کی جانب سے نامناسب انداز  میں چھونے پر انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

بھارت کی بھوجپوری فلم انڈسٹری کے اداکار و گلوکار  پوَن سنگھ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اپنی ساتھی اداکارہ انجلی راگھو کو بغیر اجازت اور نامناسب انداز میں چھوتے دیکھا گیا۔  یہ واقعہ پَون سنگھ کے نئے گانے ’سَیّاں سیوا کرے‘ کی پروموشنل تقریب کے دوران پیش آیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سنہری ساڑھی پہنے انجلی راگھو، شو کے شرکا سے بات چیت کر رہی ہیں کہ اس دوران پَون سنگھ ان کی اجازت کے بغیر ان کی کمر  پر ہاتھ رکھتے ہیں اور غیراخلاقی انداز میں مذاق کی ناکام کوشش کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ آپ کی کمر پر کچھ لگا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے پَون سنگھ کے اس رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

ایک صارف نے لکھا ’کتنا گھناؤنا اور شرمناک عمل ہے، اتنی عوام کے سامنے بھی انہیں کوئی شرم محسوس نہیں ہوئی، انجلی راگھو واضح طور پر غیر آرام دہ نظر آ رہی تھیں لیکن وہ اسٹیج پر تھپڑ مارنے سے گریز کر گئیں’۔

ایک صارف نے بھوجپوری انڈسٹری کی بدنامی کی وجہ پوَن سنگھ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ پوری بھوجپوری کمیونٹی کو بدنام کرتے ہیں، یہ نہیں سمجھتے کہ نوجوان ان سے متاثر ہو کر غلط راستے پر چل رہے ہیں، یہ انتہائی شرم کی بات ہے۔

انجلی راگھو کا ردعمل:

انجلی نے سوشل میڈیا پر لائیو سیشن کیا اور اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھے بہت افسوس ہے کہ ایسا ہوا، پچھلے دو روز سے میں کافی پریشان ہوں، میری ٹیم نے بتایا کہ آپ کی کمر پر کچھ نہیں لگا تھا جس کے بعد مجھے دکھ ہوا۔

اداکارہ نے کہا میں اسٹیج پر پوَن کے مداحوں کے بیچ کھڑی تھی، سب انہیں وہاں اپنا بھگوان بول رہے تھے، ان کی حرکت پر مجھے شدید غصہ اور رونا آیا لیکن میں کچھ کر نہیں سکتی تھی، میں کہیں اور ہوتی تو انہیں جواب ضرور دیتی، آئندہ میں بھوجپوری فلم انڈسٹری میں کام نہیں کروں گی۔

پَون سنگھ کا انجلی کے بیان پر  ردعمل:

بعدازاں گلوکار و اداکار نے بھی ردعمل دیا اور کہا ‘اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے میں انجلی کا لائیو نہیں دیکھ سکا، لیکن جب مجھے معاملے کا پتہ چلا تو انتہائی افسوس ہوا، میری نیت غلط نہیں تھی، ہم لوگ فنکار لوگ ہیں لیکن پھر بھی آپ کو میری کسی بات کا برا لگا ہو تو میں معافی چاہتا ہوں’۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *