دبئی: آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بریٹ لی نے اس اہم فیصلے سے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا جہاں انہوں نے دبئی منتقل ہونے کی وجوہات اور اپنے تجربات کا تفصیل سے ذکر کیا۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کام کے سلسلے میں کیے جانے والے چند دورے وقت کے ساتھ ساتھ بڑے مواقع میں تبدیل ہوگئے جس کے بعد دبئی کو اپنا نیا گھر بنانے کا فیصلہ کیا۔
بریٹ لی کے مطابق دبئی اب ان کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے جہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مواقع موجود ہیں بلکہ ایک متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی بھی میسر ہے، دبئی میں انہیں بہترین لوگ، نئے مواقع اور خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا ہے۔
دبئی کے ماحول کو بے حد متاثر کن قرار دیتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ یہاں کی توانائی اور ترقی کا جذبہ انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے، دبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر لمحہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کا احساس ہوتا ہے۔
بریٹ لی نے خاص طور پر اپنے بچوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچے دبئی میں تیزی سے ترقی کررہے ہیں، یہاں کے اسکول اعلیٰ معیار کے ہیں اور کھیلوں کی سہولیات ہر جگہ دستیاب ہیں جو بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے آسٹریلیا سے اپنی وابستگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے وطن کو گھر کہنے پر فخر رہے گا۔
بریٹ لی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں گزاری گئی زندگی اور یادیں ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گی اور وہ کبھی تبدیل نہیں ہو سکتیں تاہم بریٹ لی کا کہنا تھا کہ دبئی میں کچھ خاص بات ہے۔


























Leave a Reply