سائنسدان طویل عرصے سے جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کچھ افراد لمبے عرصے تک زندہ رہتے ہیں جبکہ کچھ جلد انتقال کر جاتے ہیں، تو ایسا کیوں ہوتا ہے۔
پہلے ان کا ماننا تھا کہ لمبی زندگی کا راز طرز زندگی کے عناصر کے انتخاب میں چھپا ہوتا ہے مگر اب دریافت ہوا کہ جینز اس حوالے سے زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
درحقیقت کسی فرد کی عمر کی مدت کے حوالے سے جینز سابقہ اندازوں سے دوگنا زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل سائنس میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ لمبی عمر کا راز پیچیدہ عناصر پر مشتمل ہوتا ہے جیسے کولیسٹرول کی سطح یا ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ، اور کسی فرد کی زندگی کی مدت کے حوالے سے جینز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔
اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں جینز کے اثرات کا درست اندازہ نہیں لگایا گیا تھا کیونکہ ان میں اکثر 19 ویں صدی سے قبل پیدا ہونے والے افراد کے ڈیٹا پر انحصار کیا گیا۔
اس عہد کے افراد عموماً وبائی امراض اور حادثات کے نتیجے میں انتقال کر جاتے تھے اور ویکسنز سمیت دیگر شعبوں میں طبی سائنس بہت زیادہ پیشرفت نہیں کرسکی تھی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ہماری زندگی کی مدت کا 55 فیصد حصہ پہلے سے طے ہوتا ہے جبکہ باقی 45 فیصد غیریقینی ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق طرز زندگی کے عناصر جیسے ورزش، غذا اور سماجی تعلقات کسی فرد کی عمر کے جینیاتی اثر سے ہٹ کر اثرات مرتب کرتے ہیں اور زندگی کی مدت میں 5 سال کا اضافہ یا کمی کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ صرف جینز ہی اس حوالے سے واحد عنصر نہیں۔
مثال کے طور پر اگر کسی فرد کی عمر جینیاتی طور پر 80 سال طے ہے وہ صحت کے لیے مفید عادات کے ذریعے اسے 85 سال کرسکتا ہے یا نقصان دہ عادات سے 75 سال تک گھٹا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مگر صحت مند عادات آپ کو 80 سے 100 سال تک نہیں پہنچاسکتی، کیونکہ جینز پہلے سے عمر کا تعین کرچکے ہوتے ہیں۔


























Leave a Reply