پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے میچز پہلی بار پشاور میں بھی کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال پی ایس ایل کے میچز پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی منعقد ہوں گے۔
پشاور میں ہونے والے اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جو صوبے میں موجود ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑی خیبر پختونخوا سے ہیں، یہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اسی لیے ہم خیبر پختونخوا کے لیے 2 ٹیمیں بنانے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع مل سکے۔
محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد صرف بنگلا دیش کو عزت دینا تھا، اور اس کے پیچھے کسی قسم کی شرط یا دباؤ شامل نہیں تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا فوکس صرف اور صرف کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سب سے پہلے قومی مفاد ہے، اس کے بعد باقی تمام معاملات آتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہے گا۔

























Leave a Reply