
پاکستانی گلوکار اور سانگ رائٹر اشعل خان کا کہنا ہے کہ صرف گانا لکھ دینا اور اس پر ویوز حاصل کرنا کافی نہیں ہوتا بلکہ اہم یہ ہے کہ ہم مداحوں کو کیا کہانی سنا رہے ہیں۔
حال ہی میں جیو پوڈکاسٹ میں شرکت کرنے والے اشعل خان نے اپنے کیرئیر سمیت مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی، انہوں نے بتایا کہ ان کے کیرئیر کا آغاز کس طرح ہوا۔
2023 میں لکھے گئے گانے ‘لوٹ آ’ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اشعل نے کہا وہ گانا میرے دوست نے پروڈیوس کیا ہے، ہوا کچھ یوں کہ میں نے گٹار بجاتے ہوئے ایک ریل شیئر کی، اس نے انسٹاگرام پر وہ دیکھی اور پھر وہاں سے اس نے گانے کا ساز بنایا۔
اشعل نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا اس ساز کو سن کر میں حیران رہ گیا کہ یہ تم نے کیسے بنالیا، جس پر اس نے مجھے کہا اس پر کچھ بناؤ، پھر ایک دن میں نے اپنی بہن کو دیکھا، وہ میری والدہ کو بہت یاد کررہی تھی، جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔
اشعل کے مطابق میں آفس گیا، میرے ذہن میں میری بہن تھی اور میرے دوست کا بھیجا ہوا ساز، میں نے کام چھوڑ کر پورا گانا لکھ ڈالا۔
گلوکار کے مطابق گانا لکھتے ہوئے میں اپنی بہن کے احساسات محسوس کررہا تھا، سوچ رہا تھا اس کے کیا جذبات ہوں گے اور وہ کیا محسوس کررہی ہوگی۔
انہوں نے کہا یہ گانا دو سال پہلے لکھا اور ریلیز بھی ہوگیا، پھر اب میں نے سوچا کہ اس کی ویڈیو بنانی چاہیے، کیونکہ انسٹاگرام پر میری ریلز وائرل ہونے لگی ہیں۔
Leave a Reply