دہشتگردی کی سازش، پاکستانی شہری کو کینیڈا سے امریکا بدر کر دیا گیا


دہشتگردی کی سازش،  پاکستانی شہری کو کینیڈا سے امریکا بدر کر دیا گیا

فوٹو: فائل

اوٹاوا: دہشت گردی کی سازش کے ملزم پاکستانی شہری شاہ زیب خان کو کینیڈا سے امریکا بدر کردیا گیا۔ 

20 برس کے شاہزیب خان کو آج امریکی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔محمد شاہ زیب خان کو شاہ زیب جدون کے نام سےبھی جانا جاتا ہے۔ 

حکام کے مطابق شاہ زیب نے نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک یہودی مرکز پر حملے کی سازش کی تھی اور نیویارک ہی میں اس پر فردجرم داخل کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق شاہ زیب خان نے سازش میں شریک کرنے کیلئے جن افراد سے رابطہ کیا ان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے 2 خفیہ اہلکار بھی شامل تھے۔ 

دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ زیب خان نے ایک موقع پر کہا تھا کہ اگر ہم اس منصوبے میں کامیاب رہے تو یہ نائن الیون کے بعد امریکا کی سرزمین پر سب سے بڑا حملہ ہوگا۔

شاہ زیب خان کو نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں شکایت درج ہونے پر ستمبر سن 2024 کو کینیڈا میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

یہ کارروائی اس وقت کی گئی تھی جب شاہ زیب خان کینیڈا کی سرحد سے مبینہ طورپر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ شاہ زیب خان امریکا میں داخل ہوکر یہودی کمیونٹی پرحملہ کرنا چاہتا تھا، وہ داعش سے متاثر ہوکر بڑے پیمانے پر لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کی سازش کررہا تھا اور یہ کارروائی غزہ حملوں کو ایک برس مکمل ہونے پر کی جانا تھی تاہم ایف بی آئی اور اس کے شراکت دار یہ حملہ روکنے میں کامیاب رہے۔

امریکا کی اٹارنی جنرل پام بانڈی نے کہا کہ داعش امریکی شہریوں کیلئے واضح خطرہ ہے، خصوصاً یہودی شہری ایسے گروہوں کے ہاتھوں خاص طور پر نشانہ بنے ہیں۔

محکمہ انصاف کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے شاہ زیب خان کی امریکا بدری یقینی بنائی اور ملزم کیخلاف قانون پوری طرح حرکت میں لایا جائے گا۔

جرم ثابت ہونے کی صورت میں شاہ زیب خان کو عمر قید کا سامنا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *