دہشتگردی کیخلاف ملکرکام کرینگے، پاک چین وزرائے اعظم کی ملاقات میں جوائنٹ ایکشن پلان پر اتفاق


دہشتگردی کیخلاف ملکرکام کرینگے، پاک چین وزرائے اعظم کی ملاقات میں جوائنٹ ایکشن پلان پر اتفاق

فوٹو:@GovtofPakistan

پاک چین وزرائے اعظم کی ملاقات میں جوائنٹ ایکشن پلان پر اتفاق کیا گیا ہے جس کے تحت چین اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

بیجنگ میں وزیراعظم شہبازشریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات کا اعلامیہ جاری  کردیا گیا۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیر  بھی شریک تھے۔

 پاک چین وزرائے اعظم کی ملاقات میں جوائنٹ ایکشن پلان پر اتفاق  ہوا۔ اعلامیے کے مطابق  چین اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے، چین انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں کو  بڑھانے کے لیے پاکستان کی مدد کرےگا، پاکستان  اور  چین مل کر  پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق  پانچ نئے کوریڈورز سمیت سی پیک ٹو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔گوادر پورٹ  جلد آپریشنل کرنے  پر بھی  زور دیا گیا۔ قراقرم ہائی وے اور ریلوے  پروجیکٹ مین لائن ون کی ری الائنمنٹ  پر  بھی اتفاق ہوا۔

وزیراعظم شہباز  شریف  نےکہا کہ چین کے ترقیاتی ماڈل  سے سیکھنا  چاہتے ہیں، صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، جوائنٹ  ایکشن  پلان  پر  دستخط اہم سنگ میل ہے، ملاقات میں آئندہ سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ  شاندار طریقے سے منانے  پر اتفاق ہوا۔ دونوں وزرائے اعظم نے مختلف معاہدوں کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

بیجنگ میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب  میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سی پیک کی بدولت پاکستان میں زراعت  اور صنعت بحال ہوئی، چین کے تعاون سے ہم نے بجلی کے بحران پر قابو  پایا، آج ہم سی پیک ٹو لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے زراعت کے  شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کو  پاکستان  میں  سرمایہ کاری کرنےکی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم کا کہنا  تھا کہ آج پاکستان کی معیشت  مستحکم ہے، معیشت کے تمام  اشاریے مثبت ہیں، پاکستان میں چینی بہن بھائیوں کی سکیورٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف بزنس ٹو بزنس معاہدوں پر بھی دستخط کیےگئے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *