بالی وڈ اداکارہ رادھیکا آپٹے نے دوران حمل پیش آنیوالے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے بالی وڈ انڈسٹری میں پائی جانے والی ہراسانی اور بے حسی کا راز فاش کردیا۔
اداکارہ نیہا دھوپیا کے ’ فریڈم ٹو فیڈ لائیو سیشن‘ کے دوران کی گئی گفتگو میں رادھیکا آپٹے نے کہا کہ ’ دوران حمل بالی وڈ انڈسٹری میں مجھے کڑی بے حسی کا سامنا رہا‘۔
اداکارہ نے ایک بھارتی فلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت میں جس بالی وڈ پروڈیوسر کے ساتھ میں کام کر رہی تھی وہ میرے حمل کی خبر سن کر خوش نہیں تھے‘ ۔
انہوں نے کہا کہ ’دوران شوٹنگ مجھ پر دباؤ ڈالا جاتارہا کہ میں تکلیف اور وزن میں اضافے کے باوجود، تنگ (fitted ) کپڑے پہنوں، ایک مرتبہ جب سیٹ پر میری طبیعت خراب ہوگئی تو مجھے ڈاکٹر کے پاس بھی نہیں جانے دیا گیا‘۔
دوسری جانب اداکارہ نے ہالی وڈ پروڈیوسرز کے مثبت رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’ میرے حمل کے دنوں میں، میں نے ایک ہالی وڈ پروجیکٹ کیلئے بھی کام کیا،اس دوران ہالی وڈ پروڈیوسرز کا رویہ میرے ساتھ بڑا مددگار تھا، انہوں نے میری کیفیت کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ میرے ساتھ بہترین رویہ اپنایا‘ ۔
واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ رادھیکا آپٹے نے 2012 میں لندن کے میوزیشین بینڈکٹ ٹیلر سے شادی کی تھی، اداکارہ نے شادی کے 12 سال بعد اکتوبر 2024 میں حمل کا اعلان کیا تھا۔
























Leave a Reply