
دبئی پولیس نے ایک منظم بھکاری گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 41 افراد کو گرفتار کر لیا جو ہوٹل میں قیام پذیر تھے اور بھیک مانگنے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
اس کارروائی کے دوران پولیس نے 60000 درہم سے زائد رقم برآمد کی جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 46 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ افراد عرب ممالک سے وزٹ ویزوں پر متحدہ عرب امارات آئے تھے اور دبئی کے مختلف علاقوں میں دعا کی مالائیں اور دیگر مذہبی اشیاء فروخت کرتے ہوئے بھیک مانگ رہے تھے۔
یہ کارروائی “المسباح” کے نام سے ایک خفیہ آپریشن کے تحت کی گئی جو جنرل ڈپارٹمنٹ آف کرمنل انویسٹیگیشن کے سسپیکٹس اینڈ کرمنل فینومینا ڈیپارٹمنٹ نے انجام دیا۔
آپریشن کا آغاز اس وقت ہوا جب پولیس کو 901 کال سینٹر کے ذریعے اطلاع ملی کہ کچھ افراد عوام سے دعا کی مالائیں اور دیگر اشیاء فروخت کرتے ہوئے بھیک مانگ رہے ہیں۔
پولیس نے فوری طور پر نگرانی شروع کی اور تین عرب افراد کو موقع پر گرفتار کیا، تحقیقات کے دوران ان افراد نے اعتراف کیا کہ وہ ایک منظم بھکاری گروہ کا حصہ ہیں۔
Leave a Reply