دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، کتنی لاگت آئیگی؟


دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، کتنی لاگت آئیگی؟

یہ میٹرو اسٹیشن دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہوگا__فوٹو: خلیج ٹائمز

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیشن زمین سے 74 میٹر بلند ہوگا اور اس کی تعمیر 2029 میں مکمل ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ میٹرو اسٹیشن دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہوگا، جس کا آغاز دبئی میٹرو کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر 9 ستمبر 2029 کو کیا جائے گا۔

بلیو لائن کا ٹریک 131 کلومیٹر طویل ہوگا اور یہ دبئی کے 9 اہم علاقوں کو جوڑے گا، حکام کے مطابق ، بلیو لائن کے 14 اسٹیشنز ہوں گے، جن میں سے 5 زیر زمین ہوں گے۔

دبئی کی بلیو لائن کے اہم انٹرچینج اسٹیشنز جداف، راشدیہ اور انٹرنیشنل سٹی ہوں گے، جب کہ یہ دبئی کے علاقوں مردف، ورقا، انٹرنیشنل سٹی، سیلیکون اویسس، انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی، فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، اور راس الخور انڈسٹریل ایریا کو آپس میں منسلک کردے گی۔

دبئی کریک کو عبور کرنے کے لیے بلیو لائن کا 1.3 کلومیٹر طویل پل ( ٹریک ) بھی تعمیر کیا جائے گا ، جو دبئی کریک کے اوپر بنایا جانے والا پہلا میٹرو ٹریک ہوگا۔

دبئی کے بلیو لائن میگا پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 56 ارب درہم یعنی 43 کھرب روپے سے زائد ہوگی۔

دبئی میٹرو پہلے ہی ریڈ اور گرین لائن کے ذریعے لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ حکام نے عزم کیا ہے کہ بلیو لائن کے اسٹیشن مزید جدید ہوں گے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *