خیابان اتحاد میں شہری پر تشدد میں ملوث شخص کا ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ گرفتار


کراچی: پولیس نے خیابان اتحاد میں شہری پر تشدد کرنے والے شخص کے  ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا تاہم مرکزی ملزم تاحال فرار ہے۔ 

جیونیوز کے مطابق خیابان اتحاد میں کار سوار شخص کی شہری پر تشددکی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث  ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ شہری پر تشدد میں ملوث ملزم کی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا ہے تاہم  مرکزی ملزم تاحال مفرور ہے، مرکزی ملزم سرکاری ملازم نہیں ہے اور  ملزم کی گرفتاری کے لیے رات گئے اس کےدفتر اور گھر پرچھاپہ بھی مارا گیا تاہم ملزم ہاتھ نا آیا۔ 

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی،  پولیس اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور متاثرہ فیملی سے بھی رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی اسدرضا نے مزید کہا کہ ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے، کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور متاثرہ شہری کو مکمل انصاف ملےگا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے بھی خیابان اتحاد میں پیش آئے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے  ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، واقعے کی مکمل چھان بین کر کے رپورٹ پیش کی جائے جب کہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، قانون تمام شہریوں کے لیے برابر ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *