
بالی وڈ اسٹار سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ ایک خاتون مداح اپنی 72 کروڑ روپے کی جائیداد ان کے نام کرچکی ہیں۔
سنجے دت نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ 2018 میں ایک خاتون مداح نے اپنی موت کے بعد 72 کروڑ کی جائیداد ان کے نام وقف کردی تھی۔
سنجے دت کے مطابق خاتون کے اس فیصلے کے بعد انہوں نے وہ تمام جائیدادخاتون کے گھر والوں کو واپس کردی تھی۔
دوران گفتگو سنجے دت نے خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس میں چند انکشاف کیے گئے ہیں۔
خاتون کون تھیں؟
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت کے نام اپنی تمام اور کروڑوں کی جائیداد وقف کرنیوالی خاتون کا نام نیشا پٹیل تھا ، 62 سالہ نشا ممبئی سے تعلق رکھتی تھیں جنہوں نے اپنی موت سے قبل بینک کو لکھے گئے خطوط میں اپنی تمام جائیداد کا وارث سنجے دت کو قرار دیا تھا۔
نشا کی موت کے بعد جب پولیس کی جانب سے سنجے دت کو خاتون مداح کی وصیت سے آگاہ کیا گیا تو سپر اسٹار نے کچھ بھی لینے سے انکار کردیا اور تمام تر جائیداد ان کی فیملی کو واپس کردی۔
سنجے دت کا کیرئیر
بھارتی سنیما کے لیجنڈ اداکار سنیل دت اور نرگس کے صاحبزادے سنجے دت نے 1981 میں فلم ’ راکی ‘ کے ساتھ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ، اس فلم کی شاندار کامیابی نے سنجے دت کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچادیا۔
سنجے دت نے اپنے 40 سالہ کیرئیر کے دوران بالی وڈ کی 135 سے زائد فلمز میں کام کیا، بالی وڈ کے کامیاب کیرئیر میں سنجے دت کی ’ نام ، کھل نائیک، واستو، منا بھائی ایم بی بی جیسی فلمیں شامل ہیں۔
سنجے دت خود کتنی جائیداد کے مالک ہیں؟
بھارتی ویب سائٹس فری پریس جرنل اور فنانشل ایکسپریس کے مطابق سنجے دت کی مجموعی جائیداد کی مالیت 295 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
Leave a Reply