تصور کریں کہ آپ گھر میں نلکا کھول کر بھول جائیں اور سرد موسم کے باعث دور تک برف ایسے جم جائیں جیسے آپ آئس اسکیٹنگ کا منصوبہ بنا رہے ہوں تو پھر؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر شمال مغربی چین میں ایک خاتون نلکے کو بند کرنا بھول گئی اور کئی گھنٹوں تک پانی بہنے کے باعث رہائشی اپارٹمنٹ کے باہر سڑک پر آئس اسکیٹنگ جیسا میدان بن گیا۔
وانگ نامی خاتون صوبہ گانسو کے علاقے Lanzhou کی رہائشی ہے جس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اپارٹمنٹ بلڈنگ کے رہائشیوں سے معافی مانگی۔
خاتون نے ویڈیو میں کہا کہ ‘گزشتہ رات میں اپنے گھر کے سولر واٹر ہیٹر کا نلکا بند کرنا بھول گئی، جس کے باعث پانی 9 گھنٹوں تک بہتا رہا’۔
وانگ نے کہا کہ ‘جو جمی ہوئی برف آپ نے صبح عمارت میں دیکھی، وہ میری غلطی کا نتیجہ ہے، میں اس کے لیے آپ سے معافی مانگی ہوں’۔
نلکے سے نکلنے والا پانی دیوار سے بہہ کر باہر موجود سڑک تک پھیل گیا تھا۔
اس علاقے میں رات کو درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے۔
برف سے منجمد اس سڑک کو سب سے پہلے وانگ کے والد نے دیکھا جو علی الصبح اٹھ کر ورزش کے لیے باہر جاتے ہیں۔
وانگ کے مطابق ‘صبح 6 بجے میرے والد نے سڑک کو برف سے ڈھکا ہوا دیکھا اور اس وقت بھی پانی بہہ رہا تھا، پہلے تو انہیں لگا کہ پانی کسی اور گھر سے بہہ رہا ہے، مگر جلد ہی انہوں نے دریافت کیا کہ ایسا ہمارے گھر سے ہو رہا ہے’۔
والد نے فوری طور پر وانگ کو فون کیا اور کہا کہ وہ باہر آکر برف کو صاف کرے۔
وانگ کی والدہ نے قریبی دکان سے نمک کو خریدا۔
خاتون نے بتایا کہ ‘ہماری وجہ سے علاقے کا تمام نمک بھی فروخت ہوگیا، تو اگر آج صبح نمک دکانوں پر نہیں ملا تو میں اس کے لیے بھی معذرت کرتی ہوں، والد نے مجھے بہت زیادہ ڈانٹا کیونکہ وہ میری وجہ سے شرمندگی محسوس کر رہے تھے’۔
عمارت کے کچھ رہائشیوں نے خاتون کی مدد کرکے برف کو سڑک سے ہٹایا۔


























Leave a Reply