
پنجاب کابینہ نے بجلی بلوں میں کمی کیلئے صوبائی پاورکمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے، چیف منسٹر ویٹ پروگرام اور ائیر پنجاب کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجلی بلوں میں کمی کیلئے قائداعظم تھرمل پاور اورپنجاب تھرمل پاور کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فیصلے سے ٹیرف میں 30سے40فیصد تک کمی ہوسکے گی۔
پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کیلئے 400ملین روپے گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔
وزیر اعلیٰ کاکہناتھاکہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکج دینے جارہے ہیں۔
کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام اورائیر پنجاب پرائیویٹ کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی۔ وزیر اعلیٰ نے ایک سال میں ائیر پنجاب شروع کرنے کیلئے اقدامات اورمزدوروں کیلئے سیفٹی گیئریقینی بنانے کا حکم دیا۔
ان کا کہناتھاکہ مزدور5 منزلہ عمارت سے گر کرمر جاتے ہیں، حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی، گٹر صاف کرنے والے کارکنوں کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے بڑوں شہر وں میں چارجنگ اسٹیشن جلد قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کابینہ نے آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر لاہور ایکٹ اورنوازشریف میڈیکل سٹی کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے رجسٹرڈ کارکنوں کیلئے راشن کارڈ، لاہور میں 1100بلاسود ای ٹیکسیاں فراہم کرنے اورچائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے فلور ملوں اور فوڈ گرین لائسنس ہولڈرز کیلئے 100ارب روپے کی اسپیشل فنانسنگ کی منظوری بھی دی۔
مریم نواز نے ویپنگ سینٹرز بند کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ مریم نواز کا کہنا تھاکہ لوگ مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہیں، ہم جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں، گندم کے کاشتکاروں کو بڑا پیکج دینے جا رہے ہیں۔
Leave a Reply