
حکومت نے9 مئی کے کیسز کے فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان فیصلوں کو قانون اور نظامِ انصاف کی جیت قرار دے دیا۔
جمعرات کو فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مختلف مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت 196 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا سنائی، رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جو تمام افراد کی دی گئی سزاؤں میں سب سے کم ہے۔
حکومت کی جانب سے 9 مئی کے کیسز کے فیصلوں کو قانون اور نظامِ انصاف کی جیت قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی اور دفاعی اداروں کے دفاتر پر حملے کیے گئے ، فیصل آباد میں دفاعی اداروں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی ، ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کون لوگ تھے جو دفاعی تنصیبات کی طرف گئے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اس سب کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں ، جو اس وقت جیل میں ہیں ، دشمن نے جب بھی حملہ آور ہونے کا خواب دیکھا ہم نے منہ توڑ جواب دیا ، انہوں نے تو وہ کیا جو دشمن بھی نہ کرسکا ، آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھناؤنی حرکت کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف حالیہ عدالتی فیصلے چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Leave a Reply