حمیرا اصغر کے فون کا فارنزک مکمل، آخری رابطہ کب اور کس سے ہوا؟


حمیرا اصغر کے فون کا فارنزک مکمل، آخری رابطہ کب اور کس سے ہوا؟

اداکارہ کی سوشل میڈیا پروفائل کا جائزہ لیں تو پتا چلتا ہے کہ گزشتہ 9 ماہ سے حمیرا اصغر سوشل میڈیا پر بھی ایکٹو نہیں تھیں/ فائل فوٹو

کراچی : ڈیفنس فیز  6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے فون کا فارنزک مکمل کرلیا گیا۔

کراچی پولیس کے ڈی آئی جی اسد رضا نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ حمیرا اصغر کا فون آخری مرتبہ اکتوبر 2024 میں ایکٹیو ہو ا  تھا ۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) کے مطابق اداکارہ کے فون ریکارڈ میں  آخری میسجز اکتوبر 2024 کے ہیں ، حمیرا اصغر کے فون میں  آخری میسیج آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا ہے۔

دوسری جانب اگر اداکارہ کی سوشل میڈیا  پروفائل کا جائزہ لیں تو پتا  چلتا ہے کہ گزشتہ 9 ماہ سے حمیرا اصغر سوشل میڈیا  پر  بھی ایکٹو نہیں تھیں۔

حمیرا اصغر کی جانب سے فیس بک پر آخری پوسٹ 11 ستمبر 2024 کو جب کہ انسٹاگرام پر آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024 کو کی گئی تھی۔

حمیرا اصغر کی موت ، معاملہ کیا ہے؟

 حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔

حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا لیکن وہ کراچی شہر میں مقیم تھیں، پولیس نے بتایا کہ خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا ، 2024 سے کرایہ نہ دینے پر مالک نے کیس کررکھا تھا۔

 واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جب کہ حمیرا اصغر کی لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

لاش کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں کراچی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ لاش ’ ڈی کمپوز کے انتہائی ایڈوانس اسٹیج ‘ پر ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی موت تقریباً ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *