کراچی: سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کرنے والے جماعت اسلامی کے کارکنوں پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔
پولیس نے جماعت اسلامی کے کارکنوں پر شیلنگ کرکے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی، آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے جماعت اسلامی کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔
پولیس نے جماعت اسلامی کا ساؤنڈ سسٹم لگا ٹرک قبضے میں لےکر جماعت اسلامی کے 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
جماعت اسلامی کے کارکنوں کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پیپلز پارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان
اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے، پرامن شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور دھرنےسے روکنا بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، بااختیار شہری حکومت کراچی کا حق ہے۔
کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے، شرجیل میمن
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی کو بتادیا تھا کہ ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہے، جماعت اسلامی کے مشتعل کارکنوں نے ریڈ زون میں داخل ہوکر پتھراؤ کیا، کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔
خیال رہےکہ جماعت اسلامی نے آج 14 فروری کو کراچی کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دینےکا اعلان کیا تھا۔


























Leave a Reply