پنجاب کے دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج 5 لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق جلالپور پیروالا میں مقامی بند میں شگاف پڑنے سے درجنوں بستیاں زیر آب آگئی ہیں، مکین گھروں کی چھت پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ، جلالپور پیروالا میں موضع شاہ رسول اور بیٹ واہی کے زمیندارا بند ٹوٹ گئے، بہادر پور کےعلاقے میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، انتظامیہ اب شہری بند کو بچانے میں مصروف ہے۔
شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جلالپور پیروالا شہرکو خالی کرنےکا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔
جھنگ میں دریائےچناب میں آنےوالے دوسرےریلے سے300 زائد دیہات سیلاب کی زد میں ہیں، 2 لاکھ 81 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
مظفرگڑھ میں دریائے چناب کا سیلاب نواحی علاقوں خانگڑھ، روہیلانوالی اور شہر سلطان میں نقصان پہنچارہا ہے، ہزاروں ایکڑ پر آم کی کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔
بہاولپور میں دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، سیلاب ناردرن بائی پاس کے قریب پہنچ کر بستیوں میں داخل ہوگیا ہے۔
پنجاب کے بعد سیلابی ریلے سندھ پہنچنا شروع ہوگئے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد میں اضافے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہےجہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگیا۔
راجن پور دریائے سندھ میں سیلاب کے باعث کچے کے علاقوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہورہا ہے، متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
Leave a Reply