
جلال پور پیر والا میں سیلابی پانی کی کمی کے لیے ایم فائیو موٹر وے پر شگاف ڈالنے کی تجویز ہے۔
محکمہ انہار نے موٹر وے پر شگاف ڈالنےکو انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین این ایچ اے اور متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی نے آج ہونے والے اجلاس میں جائزہ لیا۔
محکمہ انہار کے مطابق 8 روز بعد بھی جلال پور پیر والا کے اطراف پانی میں معمولی کمی ہوئی ، دریائے ستلج کا 40 فیصد پانی اُچ شریف کے شگاف سے ابھی بھی جلال پور اور لودھراں کی جانب جا رہا ہے، اس لیے پانی کو دریائے چناب میں ڈالنے کے لیے موٹر وے پر شگاف ڈالنا ضروری ہے۔
سوئی گیس حکام کے مطابق شگاف ڈالنے سے 5 کلومیٹر طویل پائپ لائن متاثر ہوگی۔ کمیٹی ارکان نے کہا کل پانی کا بہاؤ دیکھ کر شگاف ڈالنے سے متعلق فیصلہ کیا جائےگا ۔
سیلاب سے متاثرہ ملتان ایم فائیو موٹر وے جلال پور پیر والا سے جھانگڑہ انٹرچینج تک چھٹے روز بھی بند ہے ، ٹریفک متبادل راستوں پر بھیجا جارہا ہے ۔
ادھر جلال پور پیر والا میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ موٹر وے کے ساتھ دونوں طرف 20 کلو میٹر تک سیلابی پانی موجود ہے، اگرچہ موٹروے کو توڑنا ایک آسان فیصلہ نہیں لیکن شہریوں کی جان و مال کو زیادہ اہمیت دی جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو فیصلہ کرنا ہے، این ایچ اے مکمل طور پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اس مقصد کے لیے این ایچ اے اور آبپاشی کے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیکنیکل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو مسلسل مانیٹرنگ کرےگی۔
Leave a Reply