فلو ایسا مرض ہے جس کا سامنا متعدد افراد کو ہوتا ہے، خاص طور پر موسم سرما کے دوران یہ کافی عام ہوتا ہے۔
مگر مناسب مقدار میں وٹامن ڈی کے استعمال سے آپ خود کو فلو سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت ہوا کہ وٹامن ڈی کی کمی کے شکار افراد میں نظام تنفس کے انفیکشنز سے متاثر ہونے یا اس کے باعث اسپتال میں داخلے کا خطرہ 33 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 36 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور دیکھا گیا کہ جسم میں وٹامن ڈی کی سطح سے نظام تنفس کے انفیکشنز سے اسپتال میں داخلے کے خطرے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان میں مختلف وائرل اور بیکٹریل بیماریاں جیسے فلو، نمونیا اور دیگر سے متاثر ہونے کے خطرے کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کو کووڈ کی سنگین شدت سے منسلک کیا گیا تھا جو کہ نظام تنفس کا ہی ایک مرض ہے۔
تحقیق کے نتائج میں انکشاف ہوا کہ جو افراد وٹامن ڈی کی شدید کمی کے شکار ہوتے ہیں، ان میں نظام تنفس کی بیماریوں سے اسپتال پہنچنے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جسم میں وٹامن ڈی کی سطح میں معمولی اضافے سے نظام تنفس کے امراض سے متاثر ہونے یا اسپتال میں داخلے کا خطرہ 4 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں جن افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا ان میں سے 2255 افراد نظام تنفس کے کسی مرض کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے۔
درمیانی عمر یا بوڑھے افراد میں یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
وٹامن ڈی کا حصول کچھ غذاؤں جیسے مچھلی، انڈوں کی زردی کا دیگر سے ممکن ہوتا ہے جبکہ دھوپ سے بھی یہ جسم کا حصہ بنتا ہے۔
وٹامن ڈی کی کمی پر ماہرین کی جانب سے سپلیمنٹس کے استعمال کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے۔
وٹامن ڈی ہڈیوں اور مسلز کے ساتھ ساتھ متعدد جسمانی افعال کے لیے بھی ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔


























Leave a Reply