عمر میں اضافے کے ساتھ جسمانی فٹنس میں بتدریج کمی آنے لگتی ہے مگر یہ عمل کب شروع ہوتا ہے، اس بارے میں اب تک معلوم نہیں تھا۔
مگر اب ایک تحقیق میں اس عمر کا تعین کیا گیا جس کے بعد جسمانی کاردگی اور فٹنس میں کمی آنا شروع ہوتی ہے۔
سویڈن کے کیرولینیسکا انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ 35 سال کی عمر سے جسمانی فٹنس میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔
اس تحقیق میں شامل چند سو افراد کی مانیٹرنگ 47 سال تک کی گئی اور ان کی فٹنس، جسمانی مضبوطی اور مسلز کے حجم کا تعین بلوغت کے آغاز سے لے کر 63 سال کی عمر تک کیا گیا۔
تحقیق میں عمر کے ساتھ جسم میں آنے والی طویل المعیاد تبدیلیوں کے بارے میں بتایا گیا۔
اس حوالے سے ماضی میں ہونے والی تحقیقی رپورٹس میں مختلف ڈیٹا بیسز کا تجزیہ کیا گیا اور ایک ہی فرد کا طویل عرصے تک جائزہ نہیں لیا گیا۔
مگر اس تحقیق میں شامل افراد کا لگ بھگ 5 دہائیوں تک جائزہ لیا گیا اور ان کی جسمانی مضبوطی اور فٹنس کی جانچ پڑتال برسوں تک یکساں انداز سے کی گئی۔
تحقیق کے مطابق 35 سال یا اس کے بعد جسمانی فٹنس اور مضبوطی میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے، چاہے کوئی فرد جوانی میں کتنی ہی ورزش کیوں نہ کرتا ہو۔
35 سال کے بعد جسمانی تنزلی کا عمل بتدریج جاری رہتا ہے اور اس کی رفتار تیز ہونے لگتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ اگر کوئی فرد اس کے بعدکسی بھی عمر میں ورزش کرنا شروع کرتا ہے تو اس کی جسمانی تنزلی کا عمل سست ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ آپ کسی بھی عمر میں جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنا سکتے ہیں اور نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ جسمانی سرگرمیاں فٹنس کی تنزلی کا عمل سست کردیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنزلی کے عمل کو مکمل طور پر روکنا تو بہت مشکل ہے مگر اسے سست کیا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق پر ابھی بھی کام جاری ہے اور اب اس میں شامل افراد کی صحت کا جائزہ مزید 5 سال لیا جائے گا۔
محققین کو توقع ہے کہ اس سے انہیں جسمانی کارکردگی میں آنے والی تبدیلیوں کو زیادہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Cachexia, Sarcopenia and Muscle میں شائع ہوئے۔


























Leave a Reply