ترکیے نے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام ‘اسٹیل ڈوم’ تیار کر لیا


ترکیے نے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کر لیا

فوٹو: ترک میڈیا

ترکیے نے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کر لیا۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کو باضابطہ طور پر مقامی فضائی دفاعی ڈھال “اسٹیل ڈوم” (Steel Dome) کا افتتاح کیا، جسے انہوں نے ترکیے اور اس کی دفاعی صنعت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔

صدر رجب طیب اردوان نے فضائی دفاعی نظام کی افتتاحی تقریب سے  خطاب میں کہا کہ اسٹیل ڈوم ہماری فضائی دفاعی صلاحیتوں کو ایک بالکل مختلف درجے تک لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  جس ملک کے پاس اپنا ریڈار، فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نہ ہو، وہ مستقبل میں اپنے وجود کو محفوظ نہیں رکھ سکتا۔

ترک صدر کے مطابق اس منصوبے کے پہلے  مرحلے میں 47 گاڑیاں شامل ہیں جن کی مالیت 460 ملین ڈالر ہے، جو ترکیے کے دوستوں کے لیے اعتماد اور دشمنوں کے لیے خوف کی علامت ہوں گی۔ 

تاہم ترک حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ نظام مکمل طور پر کب فعال ہوگا۔البتہ صدر نے 460 ملین ڈالر مالیت کا اسٹیل ڈوم سسٹم فوج کے حوالے کرنے کا اعلان بھی کیا۔

رپورٹ کے مطابق اردوان کی حکومت نے گزشتہ سال اگست میں اسٹیل ڈوم کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد سمندری اور زمینی فضائی دفاعی پلیٹ فارمز اور سینسرز کو ایک نیٹ ورک میں ضم کرکے ترکیے کے فضائی حدود کا تحفظ کرنا ہے۔

یاد رہے کہ ترکیے نے 2019 میں روس سے ایس400 میزائل سسٹم حاصل کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسے امریکی ایف-35 جیٹ پروگرام سے خارج کر دیا گیا تھا، جو انقرہ کے دفاعی مقاصد کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *