
لاہور ہائیکورٹ نے ایم ڈی واسا کو ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے پہلے شہریوں کیلئے متبادل راستے کا انتظام کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی سےبچاؤ اور اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ڈی جی واسا سے مکالمہ کیا کہ آپ نے لاہور کا حال دیکھا ہے؟ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کی وجہ سے شہری متاثر ہورہے ہیں جن کے کام متاثر ہورہے ہیں ان کو معاوضہ کون دے گا؟
ڈی جی واسا نے عدالت کو بتایا کہ یہ سارے منصوبے عوام کی فلاح کے لیے کیے جا رہے ہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ نے ڈرینج کے کام کرنے ہیں لیکن لوگوں کو متبادل راستہ بھی تو دینا ہے، یہ تو نہیں ہوسکتا کہ سڑک اکھاڑ دیں اور پھر بھول جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ کم از کم لوگوں کو کاروبار اور گھروں کو جانے کا راستہ تو دینا ہے، ان لوگوں کا کیا کریں جن کا جینا محال ہو گیا ہے ؟ ایک علاقے میں گیس اور پانی کی پائپ لائن توڑ دی گئی ہے، اس بات کو یقینی بنائیں جب تک متبادل انتظامات نہیں ہوتے کام شروع نہ کریں۔
عدالت نے ڈی جی واسا کو ہدایت کہ سڑک اکھاڑنے سے پہلے ٹریفک کے متبادل راستہ کا بندوبست کریں، ٹھیکیداروں کو ان اقدامات کا پابند بنائیں، آپ آئندہ کے پروجیکٹس پر ان تمام معاملات کو مدنظر رکھیں۔
Leave a Reply