بالی وڈ کے مایہ ناز اداکار عمران ہاشمی نے کہا ہے کہ جب ان کے بیٹے میں کینسر کی تشخیص ہوئی تو ان کی دنیا پلٹ کر رہ گئی تھی۔
اپنی حالیہ ٹیلی ویژن سیریز ‘ تسکری’ کی کامیابی کی خبروں کے دوران عمران ہاشمی کا ایک پرانا انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں 46 سالہ اداکار نے 2014 کا اپنی زندگی کا سب سے دردناک لمحہ یاد کیا، اس وقت ان کے بیٹے ایان ہاشمی کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
عمران ہاشمی نے اس انٹرویو میں بتایا کہ اس واقعے نے ان کی توجہ کیرئیر سے ہٹا کر ایک باپ کی ذمہ داری کی طرف مرکوز کر دی تھی۔
یوٹیوبر رنویر الہ بادیہ کے ساتھ ایک گفتگو میں انہوں نے بتایا تھا کہ میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ وہ تھا جب میرا بیٹا 2014 میں بیمار ہوا، میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں یہ سب بیان کرسکوں کہ وہ وقت کیسا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ 5 سال تک جاری رہا اور میری زندگی ایک ہی دوپہر میں بدل گئی۔
عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ 13 جنوری کو ہم کھانے پر گئے اور ہم اپنے بیٹے کے ساتھ پیزا کھا رہے تھے، پہلی خبر اسی وقت سامنے آئی جب اس نے بتایا کہ اس کے پیشاب میں خون آیا ہے۔
عمران ہاشمی نے مزید کہا کہ اگلے 3 گھنٹوں میں ہم ایک ڈاکٹر کے پاس تھے جس نے کہا کہ آپ کے بیٹے کو کینسر ہے، آپ کو اس کا اگلے دن ہی آپریشن کروانا ہوگا اور پھر آپ کو کیموتھراپی بھی کروانی ہوگی، تو میری پوری دنیا 12 گھنٹوں میں ہی الٹ گئی تھی۔


























Leave a Reply