بھارت کے صاف ستھرے ترین شہر اندور میں آلودہ پانی پینے سے 9 افراد ہلاک


بھارت کے صاف ستھرے ترین شہر اندور میں آلودہ پانی پینے سے 9 افراد ہلاک

فوٹو: فائل

بھارت کے وسطی شہر اندور میں آلودہ پینے کے پانی کے باعث اسہال کی وبا پھوٹ پڑی جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق  آلودہ پانی پینے سے کم از کم  200 سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

بھارتی رکنِ پارلیمان کیلاش وجے ورگیہ نے شہر میں آلودہ پانی پینے سے 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ 

شہر کے چیف میڈیکل آفیسر مادھو پرساد ہسانی نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ بھاگیرتھ پور علاقے میں پانی کی پائپ لائن میں رساؤ کے باعث پینے کا پانی آلودہ ہوا اس حوالے سے کیے جانے والے ٹیسٹ میں پائپ لائن میں بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، تاہم متاثرہ علاقے سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد افراد شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کے مطابق پانی کے نمونوں کی حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو آفیسر شراون ورما نے بتایا کہ حکام نے گھر گھر جا کر اسکریننگ کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں اور پانی کو صاف کرنے کے لیے کلورین کی گولیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جگہ پانی کی پائپ لائن میں رساؤ کی نشاندہی کی گئی ہے جسے ٹھیک کر دیا گیا ہے۔ 

شراون ورما کے مطابق اب تک 8 ہزار 571 افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے جن میں سے 338 افراد میں معمولی علامات پائی گئیں۔

واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کا شہر اندور گزشتہ 8 برسوں سے بھارت کا سب سے زیادہ صاف ستھرا شہر قرار دیا جاتا رہا ہے اور قومی صفائی درجہ بندی میں مسلسل سرفہرست رہا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *