
پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایف 16 اور جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کے دعوؤں کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ بھارت کی جانب سے ایف 16 اور جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کے بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور من گھڑت کہانیاں آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گی، ایسے جھوٹے دعوے صرف بھارت کی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ بھارتی میڈیا پرپاکستانی ایف 16 گرانے کی خبرسفید جھوٹ اورفیک نیوزہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آج ہیروپ ڈرون حملوں کی ناکامی کے بعد بھارت مزید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بھارت اب راجھستان، پٹھان کوٹ اورمقبوضہ کشمیر میں خیالی حملے میڈیا کے ذریعے بتا رہا ہے، ایسی خبروں سے بھارت پاکستان کےخلاف اگلی جارحیت کا جواز بنانا چاہتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان بھارت کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
امریکی عہدیداروں نےبرطانوی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے چینی ساختہ جے 10 طیارے نے بدھ کو 2 بھارتی طیارے مار گرائے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ جے 10 طیارے سے بھارتی لڑاکا طیاروں پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغے۔
امریکی عہدیدار کے مطابق مار گرائے جانے والے بھارتی طیاروں میں کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ تھا۔
Leave a Reply