بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال، شاہدرہ پر آج رات بڑا سیلابی ریلا گزرنے کا خطرہ


بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے راوی، چناب اور  ستلج میں شدید سیلابی صورتحال، دریا سڑکوں پر آگئے، بستیاں ڈوب گئیں۔

دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی پر پانی میں اضافہ ہوگیا،شاہدرہ پر آج رات بڑا سیلابی ریلا گزرنےکا خطرہ ہے۔

ادھر سیلابی پانی سے نارووال کے کئی دیہات زیر آب آگئے،  ہزاروں ایکڑپر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، شکر گڑھ نارووال روڈ بھی ڈوب گیا جبکہ قلعہ احمد آباد میں ریلوے ٹریک سیلاب کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے  ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔

شکرگڑھ میں کوٹ نیناں کےمقام پر دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، متعدد دیہات زیرِآب آچکے ہیں ، رابطہ سڑکیں اور کئی پُل بہہ گئے۔

دوسری جانب ساہیوال کے نواحی علاقے میں دریائی کٹاؤ ، ساہیوال مین جی ٹی روڈ سمیت مختلف مقامات پر پانی سڑک کے ساتھ بہنے لگا۔

دریائے چناب میں سیلاب سے وزیر آباد میں پلکھو نالا بپھر گیا،گنجائش سے زیادہ پانی سے نالہ اوور فلو ہوگیا اور سیلابی ریلا وزیرآباد شہر میں داخل ہونے سے کئی دیہات اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

گوجرانوالہ میں چار سے پانچ ایکڑ زرعی زمین زیر آب آگئی، لوگوں نے اپنی مدد کے تحت نقل مکانی کی۔ حافظ آباد کے گاؤں سجادہ میں بھی سیلابی ریلا پل بہا کر لے گیا۔

ادھر مظفرگڑھ میں کئی دیہات زیرآب  آگئے،بڑا سیلابی ریلا اگلے دو سے تین روز میں گزرے گا۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائی بیلٹ پر مختلف دیہات زیر آب آگئے۔

قصور اور گنڈا سنگھ والا میں بھی کئی علاقے زیر آب آگئے۔ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کے بہاؤ نے گاؤں کے گاؤں گھیر لیے۔

انتظامیہ کی وارننگ اور اعلانات کے باوجود کئی مکین گھروں اور مویشیوں کو چھوڑنے پر تیار نہیں۔

دوسری جانب بہاول نگر میں کپاس اور دھان کی فصلوں کو نقصان پہنچا،کئی رابطہ سڑکیں بہہ گئیں جبکہ وہاڑی کے علاقےمیلسی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سےکئی دیہات اور فصلیں زیر آب آگئیں۔

ملتان میں دریائےستلج میں جلالپور پیر والا کےمقام پر سیلابی صورتحال ہے۔ بستیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *