بھارت کا 24 گھنٹوں میں پاکستان سے دوسرا رابطہ، دریائے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دی


بھارت کا 24 گھنٹوں میں پاکستان سے دوسرا رابطہ، دریائے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دی

بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے دریائے ستلج میں سیلاب سے متعلق معلومات دیں: سفارتی ذرائع۔ فوٹو فائل

بھارت نے 24 گھنٹوں میں پاکستان سے دوسرا رابطہ کر کے دریائے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے دریائے ستلج میں سیلاب سے متعلق معلومات دیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارت کی طرف سے ماضی میں بھی سیلابی پانی کی تفصیلات دی جاتی رہی ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کا بتانا ہے کہ بھارت نے 24 اگست کو سیلاب کی وارننگز سندھ طاس کمیشن کے بجائے سفارتی چینلز سے دیں، پاکستان نے اعادہ کیا بھارت معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کا پابند ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل قرار دینا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے کے امن و استحکام پر سنگین منفی اثرات ڈال سکتے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ رات بھی بھارت کی جانب سے پاکستان سے رابطہ کیا گیا تھا اور دریائے طوی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب سے پاکستان کو آگاہ کیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ رات بھارت کی جانب سے مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد پہلا بڑا رابطہ کیا گیا تھا۔

بھارت نے مئی میں پاکستان سے ہونے والی جنگ کے بعد یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جسے پاکستان اور عالمی ثالثی عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *