اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ بھارت کا دہشت گردی پر من گھڑت بیانیہ اورپاکستان کے خلاف جارحیت حقائق کو نہیں چھپاسکتی، بھارت خطے میں امن کا مسلسل خلل ڈالنے والا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے بیرون ملک ماورائے عدالت قتل کیے، ہمسایوں کےاندرونی معاملات میں مداخلت کی،کلبھوشن جیسے آپریٹوز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی گئی، بھارت نے مطلوب مجرموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کیں۔ بھارت میں اقلیتوں کو بڑھتی ہوئی ہراسانی اور جبر کا سامنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط اور کثیرالجہتی نوعیت کا ہے، سعودی عرب سےکسی مخصوص دفاعی پلیٹ فارم یا قرض پر کسی حتمی معاہدےکی اطلاع نہیں ہے، کسی بھی ممکنہ دفاعی معاہدے کی تصدیق باضابطہ تکمیل کےبعد کی جائےگی، پاک سعودی دفاعی تعاون جاری ہےجودوطرفہ فریم ورک کے تحت آگےبڑھ رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی بھیجنے کےکسی فیصلے کی معلومات نہیں، پاکستان اور سعودی عرب کےدرمیان متعدد دفاعی منصوبے زیرغور ہیں، فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا، دفاعی تعاون باہمی معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کے تحت جاری رہتا ہے۔























Leave a Reply