بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ایسا جواب دیں گے کہ سوچا بھی نہیں ہوگا، وزیراعظم


بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ایسا جواب دیں گے کہ سوچا بھی نہیں ہوگا، وزیراعظم

فوٹو: آئی ایس پی آر

سیالکوٹ: وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ پاکستان امن اور جنگ دونوں کے لیے تیار ہے، بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ایسا جواب دیں گےکہ سوچا بھی نہیں ہوگا۔

پسرور کینٹ کے دورے کے موقع  پر افواج پاکستان کے افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو جنگ پاکستان نے لڑی اور جیتی ہے اس پر کتابیں لکھی جائیں گی،  تینوں مسلح افواج  کی قیادت اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج نے پاکستان کے دشمنوں کے ہوش ٹھکانے لگادیے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے دوبارہ مہم جوئی کا راستہ اختیار کیا تو ہمیں تیار پائےگا، پاکستان امن اور جنگ دونوں کے لیے تیار ہے، دوبارہ جارحیت کی تو ایسا جواب دیں گےکہ سوچا بھی نہیں ہوگا، مودی سے کہتا ہوں آگ لگانے کے بجائے آگے بڑھنےکی بات کریں، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، اس خواہش کو کمزوری مت سمجھنا۔

ان کا کہنا تھا کہ 1971 میں مکتی باہنی کو کس نے ٹریننگ دی تھی؟ دنیا جانتی ہے، مسٹرمودی بی ایل اے، ٹی ٹی پی کے تانے بانے آپ سے ملتے ہیں، مسٹرمودی اپنے بھاشن آپ  اپنے پاس  رکھیں، مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں، پانی ہماری ریڈ لائن ہے اس سے دستبردار نہیں ہوسکتے، پانی روکنےکی کوشش کی تو  واضح کرتے ہیں کہ پانی اور خون ساتھ نہیں چل سکتے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، آپ سمجھتے تھے کہ اس علاقے کے تھانیدار ہیں اب یہ جھوٹاتاثر ختم ہوگیا،  مسٹر مودی دوبارہ یہ حرکت کی تو منہ کی کھاؤ گے،مودی ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا اس سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی قوم کو مزید دھوکا نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت سے مربوط ڈائیلاگ ہوگا ، میٹھا میٹھا ہپ ہپ ہم نہیں ہونے دیں گے،  بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر جامع مذاکرات کریں گے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *