
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی معاملات پر کہا ہے کہ اب بھارت نے اپنے محصولات کو صفر کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن اب بہت دیر ہوچکی، یہ پیش کش کئی سال پہلے کر دینی چاہیے تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہمارا بھارت کے ساتھ بہت کم کاروبار ہے لیکن بھارت امریکا کے ساتھ بہت بڑے حجم میں کاروبار کرتا ہے، بھارت امریکا کو بڑی مقدار میں سامان فروخت کرتا ہے اور امریکا بھارتی مصنوعات کا سب سے بڑا گاہک ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بھارت کو بہت کم چیزیں فروخت کرتا ہے، کئی دہائیوں سے اب تک تجارتی تعلق یک طرفہ رہا ہے، بھارت نے اب تک امریکا پر دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ محصولات لگا رکھے ہیں اور بھارت کے زائد محصولات کی وجہ سے امریکی کمپنیاں بھارت میں اپنی مصنوعات بیچ نہیں پاتیں، یہ مکمل طور پر یک طرفہ تباہی رہی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھاکہ بھارت اپنا زیادہ تر تیل اور فوجی ساز و سامان روس سے خریدتا ہے، بھارت تیل اور فوجی سازو سامان امریکا سے بہت کم خریدتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب بھارت نے اپنے محصولات کو صفر کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن اب بہت دیر ہوچکی، بھارت کو یہ پیش کش کئی سال پہلے کر دینی چاہیے تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری ہے، بھارت کی جانب سے امریکا کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہ کرنے کا بعد امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت پرٹیرف 50 فیصد کردیا جب کہ ٹرمپ وقتاً فوقتاً پاک بھارت جنگ میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں جس سے بھارت انکاری ہے۔
امریکی صدر نے رواں سال شیڈول بھارت کا دورہ بھی منسوخ کردیا۔
Leave a Reply