وفاقی وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہندوتوا کا جن بے قابو ہو رہا ہے۔
ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ بھارت نے پہلے سرحدوں پھر پانی پر پولرائزیشن کی کوشش کی ، اب کھیلوں کو بھی سیاست زدہ کردیا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ کھیل تو امن کا گہوارہ ہوتے ہیں، جب کھلاڑی میدان میں اترتے ہیں رنگ و نسل اور زبان پیچھے رہ جاتی ہے، سب اپنی صلاحیتوں سے ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہی کھیلوں کا حسن ہے اور کرکٹ جیسے کھیل کو سیاسی بنانا بھارت کا بہت ہی گھناؤنا اقدام ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کا احتجاج اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ بالکل درست ہے۔
واضح رہےکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے6 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہونے و الے ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران سکیورٹی خدشات کی بناء پر اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بنگلا دیش کے اس مؤقف کی حمایت کی تھی۔
تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اس مؤقف کو تسلیم نہیں کیا اور بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا حصہ بنا دیا۔ آئی سی سی کی بھارت نواز پالیسیوں اور بنگلا دیش کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کرنے پر پاکستان نے سخت مؤقف اپنایا ہے اور ٹورنامنٹ میں بھارت سے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔






















Leave a Reply