اسلام آباد: بھارت میں نیپا وائرس پھیلنے کے معاملے پر وفاقی وزارت ہیلتھ سروسز نے ایڈوائزری جاری کردی۔
وزارت ہیلتھ سروسز نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں پاکستان آنے والے اور ٹرانزٹ مسافر کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزارت ہیلتھ سروسز نے ہدایت کی ہےکہ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل ٹریول ہسٹری کی تصدیق کی جائے۔ نیپا سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہےکہ تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ ہر مسافر کے لیے لازمی ہوگا۔ نیپا کی مشتبہ علامات پر متاثرہ شخص کو فوری آئسولیٹ کیا جائے۔ بغیرکلیئرنس کسی مسافر کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہےکہ تمام صوبے نیپا کےممکنہ مریضوں کےلیے اسپتال یا آئی ڈی یونٹ نامزد کریں۔ ایڈوائزری میں ریپڈ ریسپانس ٹیموں اور ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو واچ موڈ پر رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت ہیلتھ سروسز کے حکام کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال میں نیپا وائرس کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم پاکستان میں تاحال نیپا کا کوئی تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
حکام کاکہنا ہےکہ نیپا وائرس کے خلاف کوئی منظور شدہ ویکسین یا مخصوص علاج دستیاب نہیں۔ نیپاہ وائرس کی روک تھام کے لیے بروقت نگرانی اور تیاری انتہائی ضروری ہے۔


























Leave a Reply