بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے پہلے دن ہی جنگ ہار گیا تھا۔
پرتھوی راج چوہان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 7 مئی کو آدھے گھنٹے کی فضائی لڑائی میں ہمارے جہازوں کو مار گرایا گیا اور ہم مکمل طور پر یہ جنگ ہار گئے تھے۔
سابق وزیراعلیٰ مہاراشٹرا کا کہنا تھا کہ پہلے دن کی لڑائی کے بعد بھارتی ائیر فورس کے جہازوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا کیونکہ لڑائی پر بھیجنے کی صورت میں انہیں پاکستان ائیر فورس کی جانب سے مار گرائے جانے کا خدشہ تھا۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے آپریشن سندور کے دوران دیکھا کہ فوج نے ایک کلومیٹر بھی نقل و حرکت نہیں کی، دو تین دن میں جو کچھ ہوا وہ صرف فضائی جنگ اور میزائل وار تھی، مستقبل میں بھی اسی طرح جنگیں لڑی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی صورت حال میں کیا واقعی ہمیں 12 لاکھ فوجیوں کی فوج رکھنے کی ضرورت ہے یا ہم ان سے کوئی اور کام کروا سکتے ہیں؟
اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے مذکورہ بیان کے لیے معافی ماننے سے بھی انکار کردیا، انہوں نے کہا میں اپنے بیان پر قائم ہوں اور میں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔
دوسری جانب پرتھوی راج چوہان کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں ایک ہنگامہ کھڑا کردیا ہے، دیگر وزیر سابق وزیر اعلیٰ کے بیان کی وجہ سے ان پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔























Leave a Reply