
بھارت نے رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای )اور پاکستان کی دوستی کی علامت اور غیر فوجی ائیر پورٹ شیخ زاید بن سلطان النہیان ائیرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا، ایک ڈرون نے خاص اس لاؤنج کو نشانہ بنایا جو یو اے ای کے حکمران خاندان کے لیے مخصوص ہے۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق رحیم یار خان ائیرپورٹ 17 مئی کی رات 11:59 بجے تک رن وے کے مرمتی کام کی وجہ سے پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔
بھارت کے حملے سےشیخ زاید بن سلطان النہیان ائیرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ اور رن وے کو نقصان ہوا ہے۔
رحیم یار خان ائیرپورٹ 1993 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر اور موجودہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام پر رکھا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے افراد کی رحیم یار خان آمد شیخ زاید بن سلطان النہیان ائیرپورٹ کے ذریعے ہی ہوتی ہے۔ یو اے ای کے حکمران خاندان کے افراد چھٹیاں گزارنے اور شکار کی غرض سے رحیم یار خان آتے ہیں۔
ائیر پورٹ حکام کے مطابق رحیم یار خان کے شیخ زاید بن سلطان النہیان ائیرپورٹ پر میزائل لگنے سے رن وے پر 10 سے 15 فٹ لمبا اور گہرا گڑھا پڑگیا ہے۔
شیخ زاید بن سلطان النہیان ائیرپورٹ کی تعمیر متحدہ عرب امارات کی فنڈنگ سے ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق غیر فوجی مقاصدکے لیے استعمال ہونے والے شیخ زاید بن سلطان النہیان ائیرپورٹ کو بھارت نے تین ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
ایک ڈرون نے خاص اس لاؤنچ کو نشانہ بنایا جو یو اے ای کے حکمران اور ان کے خاندان کے لیے مخصوص ہے۔
دوسرا ڈرون کار پارکنگ میں اور تیسرا رن وے پر گرا ہے، ائیرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے حملے میں کوئی فرد زخمی نہیں ہوا، حملے میں ائیرپورٹ کی بلڈنگ اور کنٹرول ٹاور محفوظ رہا۔
Leave a Reply