بھارتی ائیرپورٹس پر کام کرنیوالی ترک کمپنی کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ


ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت: بھارتی ائیرپورٹس پر کام کرنیوالی ترک کمپنی کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ

فوٹو: فائل/ رائٹرز

نئی دہلی: بھارت نے ترک کمپنی جلیبی ائیرپورٹ سروسز انڈیا کی سکیورٹی کلیئرنس فوری طور پر منسوخ کر دی۔ 

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارتِ شہری ہوابازی نے جمعرات کے روز جاری کردہ ایک حکم نامے میں کمپنی کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنے کی وجہ قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات کو قرار دیا۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران ترکیہ اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر بھارت میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ 

بھارتی سیاحتی ایجنسیوں کے مطابق، ترکیہ اور آذربائیجان کی جانب سے حالیہ پاک بھارت تنازع میں پاکستان کی حمایت کے بعد بھارتی شہریوں نے ان ممالک کے مشہور سیاحتی مقامات پر چھٹیاں منسوخ کرنا شروع کر دی ہیں۔

جلیبی ایوی ایشن ہولڈنگ کی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی دہلی، ممبئی اور بنگلورو سمیت بھارت کے 9 ہوائی اڈوں پر گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز فراہم کرتی ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق کمپنی نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بھارت کے نائب وزیر برائے شہری ہوابازی مرلی دھر موہول نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس  پر بتایا کہ ملک بھر سے جلیبی ائیرپورٹ سروسز پر پابندی لگانے کی درخواستیں موصول ہوئیں جنہیں قومی مفاد کے پیش نظر سنجیدگی سے لیا گیا۔

مرلی دھر موہول کا کہنا تھا، ’ہم نے معاملے کی سنگینی اور قومی مفادات کے تحفظ کی اپیل کو مدنظر رکھتے ہوئے جلیبی کمپنی کی سکیورٹی کلئیرنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی اتحادی جماعت شیو سینا نے رواں ہفتے ممبئی میں ترکیہ کی کمپنی کے خلاف احتجاج کیا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ شہر کے ہوائی اڈے کو جلیبی  کمپنی سے تمام روابط ختم کرنے چاہئیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *